بھارت کے ایک ہاسٹل میں قیام پذیر چار طالبات کو ایک ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ ان طالبات نے ہاسٹل کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پیزا کا آن لائن آرڈر دیا تھا۔
یہ ہاسٹل مغربی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونا میں ہے۔ سماجی بہبود کے محکمے کے تحت قائم سوشل ویلفیئر ہاسٹل میں 250 طالبات رہتی ہیں۔ ہاسٹل کے لیے متعین ضوابطِ کار کے تحت کسی بھی کمرے میں پیزا کا آن لائن آرڈر نہیں دیا جاسکتا۔
ہاسٹل کی وارڈن میناکشی نرہرے نے جب باضابطہ نوٹس جاری کیا تو متعلقہ طالبہ اور اُس کے ساتھ رہنے والیوں نے آرڈر سے انکار کیا جس پر تصدیق کے بعد وارڈن نے اُن کا ہاسٹل میں داخلہ ایک ماہ کے لیے معطل کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چار طالبات سے کہا گیا تھا کہ اگر اُن میں سے کوئی تسلیم کرلے کہ آرڈر اُس نے دیا تھا تو کارروائی صرف اُس کے خلاف ہوگی مگر جب کسی نے بھی اپنی غلطی کا اقرار نہیں کیا تو چاروں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ چاروں طالبات کے والدین کو طلب کرکے بات کی گئی۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ والدین سے غیر متعلق امور پر بھی بات کی گئی۔