حماس کی بڑی فتح: اسرائیلی افواج کا کلیدی غزہ کوریڈور سے انخلا شروع

137

غزہ: مزاحمتی تحریک حماس کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد اسرائیلی افواج نے کلیدی غزہ کوریڈور سے نکلنا شروع کردیا ہے،یہاں سے صیہونی فورسز کا مکمل نکل جانا جنگ بندی کے تحت معاہد ےکو آگے بڑھانے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹزارم کوریڈور پر اسرائیلی فوج کے قبضے کی وجہ سے غزہ 2 حصوں میں تقسیم ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے ایک حصے کے لوگ دوسری طرف کے افراد سے رابطہ نہیں کرسکتے تھے۔

جنگ بندی ہونے کے بعداسرائیل نے فلسطینیوں کو نیٹزاریم کوریڈور عبور کر کے جنگ سے تباہ شدہ شمالی علاقوں میں واپس جانے کی اجازت دی، جس کے بعد لاکھوں لوگ پیدل اور گاڑیوں کے ذریعے غزہ میں نقل و حرکت کرنے لگے، اس علاقے سے اسرائیلی افواج کا انخلا اس معاہدے کی مزید ایک شق کو مکمل کرتا ہے، جس کے نتیجے میں 15 ماہ سے جاری جنگ رک گئی ہے۔

خیال رہےکہ  اسرائیل نے اس جنگ بندی کے تحت 4 میل (6 کلومیٹر) طویل “نیٹزاریم کوریڈور” سے اپنی افواج نکالنے پر اتفاق کیا تھا، جو شمالی غزہ کو جنوبی علاقے سے الگ کرنے کے لیے اسرائیل نے فوجی زون کے طور پر استعمال کیا تھا۔

واضح رہےکہ  معاہدے کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات میں زیادہ پیش رفت نہیں ہو سکی جو کہ جنگ بندی میں توسیع اور مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے طے پایا تھا،  دوسرے مرحلے پر مذاکرات جاری ہیں۔

یاد رہےکہ ہفتہ کے روز مزید تین اسرائیلی یرغمالیوں کو درجنوں فلسطینی قیدیوں کے بدلے رہا کیا گیا، جس کے بعد اس معاہدے کے تحت اب تک 18 اسرائیلی یرغمالی آزاد ہو چکے ہیں جبکہ 550 سے زیادہ فلسطینی قیدیوں کو رہا ہوئے ہیں۔