اسلام آباد(صباح نیوز)حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی عملی طور پر غیر موثر ہوچکی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرایک بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ رسمی طور پر تحلیل ہو نہ ہو، پی ٹی آئی سے متعلقہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی عملی طور پر غیر موثر ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یک
طرفہ طور پر مذاکراتی عمل سے نکل گئی ہے، اپوزیشن جماعت مذاکرات کے حوالے وزیراعظم شہباز شریف کی پیشکش بھی ٹھکرا چکی ہے۔ (ن) لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ اب پی ٹی آئی پرتشدد احتجاج کی ہوم گراونڈ کی طرف جانا چاہتی ہے، اپوزیشن جماعت کو جب کبھی پھر مذاکرات کی ضرورت محسوس ہوئی تو دیکھی جائے گی،خیال رہے کہ پی ٹی آئی پہلے ہی حکومت سے مذاکرات ختم کرنے اور کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے مذاکرات کو بے سود قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہے تو ہمارے مطالبات تسلیم کرکے کمیشن بنائے، پھر مذاکرات ہوں گے۔