کون سا وقت ہمیں زیادہ خوش اور بہتر رکھ سکتا ہے؟

294

طبی ماہرین نے ایک نئی تحقیق کے نتائج میں اخذ کیا ہے کہ ہمارا دماغ صبح کے وقت اپنے بہترین موڈ میں ہوتا ہے جب کہ آدھی رات کے قریب مزاج سب سے زیادہ خراب محسوس ہوتا ہے۔

یہ تحقیق بی ایم جے مینٹل ہیلتھ میں شائع ہوئی، جس میں محققین نے پایا کہ صبح کا وقت ذہنی صحت اور عمومی تندرستی کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ صبح کے وقت ذہنی طور پر زیادہ مثبت محسوس کیا جاتا ہے۔ جب کہ رات کے وقت خاص طور پر آدھی رات کے قریب موڈ میں گراوٹ آتی ہے۔ اسی طرح دن کا وقت ذہنی صحت کے علاج اور تندرستی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے ’’رویے کی سائنس اور صحت‘‘ کے محقق فیفی بو کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ دن کے اوقات ہمارے مزاج کو کس طرح متاثر کرتے ہیں۔ اس معلومات کی مدد سے ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے نئے طریقے تلاش کیے جا سکتے ہیں۔

اگر آپ دن بھر مثبت اور خوشگوار محسوس کرنا چاہتے ہیں تو صبح کے وقت اپنی سرگرمیاں ترتیب دیں۔ یہ وقت دماغی صحت، فیصلہ سازی اور جذباتی استحکام کے لیے سب سے موزوں ہوتا ہے۔