بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید

139

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتح خیل چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بنوں میں فتح خیل چوکی پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں  2 پولیس اہل کار جام شہادت نوش کر گئے۔

رپورٹ کے مطابق شہید اہل کاروں کی شناخت ضیا اللہ اور رحیم اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس کے دونوں شہداء کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے بتایا کہ فتح خیل چوکی پر دو دن میں دہشت گردوں نے دوسری مرتبہ حملہ کیا ہے۔ 

دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں فتح خیل چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ اسی چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے گزشتہ شب بھی حملہ کیا گیا تھا۔