فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اگلے ہفتے اُن ملازمین کی چھانٹی کی تیاری کرلی ہے جن کی کارکردگی کمتر رہی ہے۔
اس حوالے سے ایک انٹرنل میمو بھی جاری کردیا گیا ہے۔ یہ میمو میٹا میں ہیڈ آف پیپل جینیل گیل نے جاری کیا ہے۔
میٹا کے انٹرنل میمو میں کہا گیا ہے کہ پیر کو یورپ، ایشیا اور افریقا کے بارہ ممالک سے تعلق رکھنے والے اُن تمام ملازمین کو خصوصی ای میل کے ذریعے چھانٹی کے فیصلے سے مطلع کردیا جائے گا جن کے نام شارٹ لسٹ کیے جاچکے ہیں۔ میٹا میں تین سال کے دوران متعدد بار بڑے پیمانے پر چھانٹیاں کی گئی ہیں۔ اِن چھانٹیوں کا بنیادی مقصد ادارے کی کارکردگی بہتر بنانا بتایا گیا ہے۔
ادارہ کہتا رہا ہے کہ صرف ان ملازمین کو فارغ کیا جاتا رہا ہے کہ جن کی کارکردگی برائے نام تھی اور ادارے پر کو اُن پر خواہ مخواہ بہت کچھ خرچ کرنا پڑتا رہا ہے۔
میٹا نے کہا ہے کہ تازہ ترین چھانٹی میں فرانس، جرمنی، اٹلی اور دی نیدرلینڈز (ہالینڈ) کے ملازمین شامل نہیں ہیں۔ ان لوگوں کو فارغ کرنے کی راہ میں ان ملکوں کے قوانین حائل ہیں۔
ادارے نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ مشین لرننگ انجینیرز کی بھرتی کا عمل تیز کیا جائے گا۔ ادارہ مشین لرننگ پر انحصار میں اضافہ کر رہا ہے کیونکہ ایک طرف تو جدید ترین ٹیکنالوجیز بہت سی سہولتیں پیدا کر رہی ہیں اور دوسری طرف انسانوں سے خدمات لینے میں اب تک غیر معمولی الجھنوں کا سامنا ہے۔