نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن کی سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک

143

نیوزی لینڈ کے اہم فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن کی سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے جانے آئی ایل ٹی20 لیگ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے جس کے باعث ان کی سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

لوکی فرگوسن آئی ایل ٹی20 لیگ میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمانئدگی کررہے تھے، کوالیفائر 1 کے دوران  لوکی فرگوسن اپنے حصہ کے چار اوورز کروانے سے قاصر رہے اور لنگڑاتے ہوئے میدان چھوڑ کر چلے گئے۔

اس حوالے سے کیویز ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے بتایا کہ لوکی فرگوسن کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے، لوکی فرگوسن کے اسکین کی رپورٹس دیکھ کر ٹرائی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹرائی سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جبکہ اختتام 9 مارچ کو ہوگا۔