نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں حارث رؤف زخمی، میدان سے باہر لے جایا گیا

111

لاہور:پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں فاسٹ بالر حارث رؤف انجری کا شکار ہوگئے اور تکلیف کے باعث انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں جاری سہ ملکی ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے دوران جب حارث رؤف اپنا چھٹا اوور کروا رہے تھے تو اچانک انہیں سینے اور پیٹ کے بائیں جانب شدید درد محسوس ہوا۔

درد کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ وہ مزید بالنگ جاری نہ رکھ سکے اور فوری طور پر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔ انہیں طبی امداد کے لیے ڈریسنگ روم منتقل کیا گیا جہاں ٹیم فزیو کی جانب سے ان کی انجری کا جائزہ لیا گیا۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ ان کی چوٹ کتنی سنگین ہے اور وہ اگلے میچز کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔ ٹیم مینجمنٹ اور ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد ہی ان کی فٹنس کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔