اسلام آباد : حکومت اور اپوزیشن کی چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے تقرر پر مشاورت شروع ہوگئی، حکومت کا سابق ججز بیورو کریٹس کے ناموں پر غور شروع ہوگیا، اہم حکومتی اتحادی چیف الیکشن کمشنر کے لیے سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے حامی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی چیف الیکشن کمشنر، ممبران کی تقرری پر مشاورت شروع ہوگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن کے لیے سابق ججز بیوروکریٹس کے ناموں پر غور شروع کر دیا ہے ،ذرائع کے مطابق اہم حکومتی اتحادی چیف الیکشن کمشنر کے لیے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حامی ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) میں سابق ججز ناصر الملک، تصدق جیلانی کے ناموں پر بھی غور جاری ہے، ن لیگ نام فائنل کرنے کے بعد صدر پاکستان آصف علی زرداری، اور اتحادیوں سے مشاورت کرے گی۔