خواتین میراتھن ریس کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا احتجاج

111

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین میرپورخاص کے زیر اہتمام کمشنر میرپورخاص کی جانب سے خواتین میراتھن ریس کو منعقد کرانے کے خلاف ضلعی ناظمہ ندرت سلمان کی قیادت میں کمشنر کمپلیکس کے باہر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں خواتین نے اپنے شیر خوار بچوں سمیت شرکت کی اور خواتین میراتھن ریس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا اس موقع پر ضلعی ناظمہ ندرت سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اور قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ ہمارے ملک میں قرآن اور سنت رسول کا ہی قانون نافذ ہوگا اور ہمارے مذہب میں خواتین کو پردے کا سخت حکم ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے بارہا مرتبہ مختلف فورم کے ذریعے کمشنر صاحب کو خواتین میراتھن ریس کے انعقاد پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور انہیں یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ سرعام خواتین کی میرا تھن ریس غیر اسلامی بلکہ غیر شرعی اقدام ہے اور آج بھی ہم انہیں پرامن طریقے سے یہ احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں کہ خدارا اس غیر شرعی اقدام کے ذریعے اللہ کے غیض و غضب کو دعوت نہ دیں بلکہ اس اقدام کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بنائیں اور اگر خواتین ریس کرانا انتہائی ضروری ہے تو پھر چار دیواری کے مقام کا تعین کریں جہاں صرف خواتین ہی اس پروگرام میں شریک ہو سکیں انہوں نے کہا کہ ڈویڑنل ہیڈ ہونے کے ناطے کمشنر انا اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور خواتین میراتھن ریس کو منسوخ کرنے کا اعلان کریں یہ کسی کی ہار اور جیت کا مسئلہ نہیں بلکہ خالصتاً اسلامی شعار کا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی معاشرے میں رہتے ہیں اور کسی بھی غیر شرعی اقدام کو روکنا اپنا فرض سمجھتے ہیں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر کمشنر اپنی ضد پر قائم رہے اور خواتین میراتھن منسوخ یا چادر چار دیواری میں نہ کرائی گئی تو پھر ہم مجبوراََ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے جس پر تمام خواتین نے بھی یک زبان احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا۔