شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ایجنٹ گرفتار

35

لاہور (نمائندہ جسارت) سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شہریوں کو کرغیزستان کے راستے یورپ بھجوانے کے معاملے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے فیصل آباد زون کی چھاپا مار کارروائی میں گرفتار ملزم کی شناخت عامر حنیف کے نام سے ہوئی۔ ملزم شہریوں کو غیر قانونی طور پر بارڈر پار کروانے میں بھی ملوث ہے، جس نے شہریوں کو جرمنی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلیے 70 لاکھ روپے سے زاید ہتھیائے۔ ملزم نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر کرغیزستان بھجوایا۔ علاوہ ازیں ملزم متاثرین کو جرمنی بھجوانے میں بھی ناکام رہا۔ متاثرہ شہری 6 ماہ کرغیزستان رہنے کے بعد واپس پاکستان آ گئے۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے فون اور دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزم انٹرنیشنل نیٹ ورکس کے ساتھ رابطے میں تھا، جس کے دیگر ساتھی کرغیزستان سے نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔