کراچی(کامرس رپورٹر)بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محبوب عالم نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی تاجروں پر زوردیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں دستیاب کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور مشترکہ شراکت داری اور صنعتی خام مال کی درآمد اور مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے بنگلہ دیش کی مارکیٹوں کاجائزہ لیں، اس حوالے سے ہم پاکستانی تاجروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن(پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین سلیم ولی محمد کی سربراہی میں تجارتی وفد سے بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں ملاقات کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں پی سی ڈی ایم اے کے وائس چیئرمین شارق فیروز،چیف ایڈوائزر عارف بالاگام والا،ڈپلومیٹک کنوینرشیراز چغتائی،سابق چیئرمین محمود سلام اور احمد جہانگیر شامل تھے۔بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے چیئر مین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد کو تجارتی وفد کے ہمراہ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے دونوں ملکوں کے تاجروں کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے استوار کرنے اور ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کرکے تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنا چاہیے۔ انہوں نے سلیم ولی محمد کی جانب سے ویزہ سے متعلق سوال کے جواب میں یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کی سفارش پر تاجروں کو ویزہ جاری کیا جائے نیز پی سی ڈی ایم اے کا تجارتی وفد جب بھی بنگلہ دیش کا دورہ کرنا چاہے، ڈپٹی ہائی کمیشن ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا اور بنگلہ دیشی تاجروں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا بھی اہتمام کرے گا۔چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد نے بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمیشن کی جانب سے پی سی ڈی ایم اے کے وفد کو مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے ڈپٹی ہائی کمشنر کے جذبات کو سراہا اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کی جانب سے بھی باہمی تجارت کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت خاص طور پر ویزہ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستانی تاجروں کو جلد ویزہ کے اجراء اور تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔ سلیم ولی محمد نے ڈپٹی ہائی کمشنر سے درخواست کی کہ وہ پی سی ڈی ایم اے کا وفد بنگلہ دیش لے کر جائیں اور وہاں ڈھاکہ چیمبر آف کامرس، ڈھاکہ فیڈریشن آف بنگلہ دیش سمیت دیگر ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے ساتھ تعارف کرائیں تاکہ دونوں ملکوں کے تاجروں کے ایک دوسرے کے قریب آسکیں اور باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوسکے جس کے دونوں ملکوں کی معیشتوں کا خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے۔