گزشتہ ماہ انسانی تاریخ کا گرم ترین جنوری رہا ‘ رپورٹ

81

برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک ) یورپی موسمیاتی ادارے کوپر نیکس کی کلائیمٹ چینج سروس نے رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ ماہ انسانی تاریخ کا گرم ترین جنوری رہا ۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ جنوری 2025 ء میں اوسط عالمی درجہ حرارت 1.75 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں برس کی ابتدا ہی حیران کن ماہ سے ہوئی ہے ،جس میں اوسط عالمی درجہ حرارت نے صنعتی عہد سے قبل ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ موسمیاتی رجحان لانینا سے بحر الکاہل کے پانیوں کا درجہ حرارت کم ہوا ہے تاہم اس کے باجود عالمی درجہ حرارت میں کوئی کمی واقع نہیں پوئی۔ یورپی ادارے کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اسی طرح عالمی درجہ حرارت میں اضافہ مسلسل 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زاید رہتا ہے تو ہیٹ ویوز، شدید بارش اور خشک سالی کی شدت اور دورانیے میں بھی سنگین حد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ توقع بھی ظاہر کی گئی ہے رواں سال گزشتہ 2 برسوں کی طرح بہت زیادہ گرم ثابت نہیں ہوگاتاہم موجودہ موسمیاتی بحران کے تناظر میں اس کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔