چیمپئنز ٹرافی:انتظار ہے جب پاکستانی ٹیم بھارت کو شکست دے گی، شہباز شریف

270
sabotaged by spreading chaos

لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے پوری قوم دعاگو ہے اور وہ لمحہ بے حد یادگار ہوگا جب پاکستانی ٹیم بھارت کو شکست دے گی۔

یہ بات انہوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر نو انتہائی معیاری انداز میں کی گئی ہے اور یہ منصوبہ محسن نقوی کی قیادت میں صرف 117 دن میں مکمل کیا گیا جو کہ حیران کن رفتار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’شہباز اسپیڈ‘‘ماضی کی بات ہوچکی، اب ’’محسن اسپیڈ‘‘کی بات کی جائے گی۔

وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے شاندار کرکٹ کھیلی ہے اور امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جیت کر قوم کو خوشخبری دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں فتح قومی ٹیم کو نہ صرف پاکستان کا ہیرو بنائے گی بلکہ ہمسایہ ملک کے خلاف فتح 24 کروڑ عوام کے دل جیت لے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دبئی میں ہونے والے میچز کے دوران وہ بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان سے بڑی امیدیں ہیں جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے سسر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وکٹوں کے ڈھیر لگائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے جوشیلے خطاب نے کرکٹ شائقین میں مزید جوش و جذبہ پیدا کر دیا ہے اور سب نظریں اب چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔