جڑواں بچوں کی ماؤں سے متعلق طبی ماہرین کا تشویشناک انکشاف

102

واشنگٹن: ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ جڑواں بچوں کو جنم دینے والی خواتین میں دل کی بیماری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، خاص طور پر پیدائش کے بعد کے مہینوں میں۔

یورپی ہارٹ جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق جڑواں بچوں کی پیدائش کے ایک سال کے اندر ان خواتین میں دل کے مسائل کے باعث اسپتال میں داخلے کا خطرہ دوگنا بڑھ جاتا ہے۔ اگر دورانِ حمل کسی عورت کو ہائی بلڈ پریشر کا سامنا ہو تو یہ خطرہ 8 گنا تک بڑھ سکتا ہے۔

روٹگرز رابرٹ ووڈ جانسن میڈیکل اسکول نیو جرسی کے میڈیسن ریسرچر ڈاکٹر روبی لن کے مطابق، جڑواں بچوں کی مائیں دورانِ حمل زیادہ دباؤ میں ہوتی ہیں کیونکہ ان کا دل عام حاملہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ کام کرتا ہے۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق یہ جسمانی دباؤ جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد بھی جاری رہتا ہے اور انہیں مکمل طور پر سنبھلنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایسی ماؤں کو اپنی صحت پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔