جرائم کی دنیا چھوڑنے والوں کو سپورٹ کیا جائیگا،وزیرداخلہ سندھ

19

سکھر (نمائندہ جسارت) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ جو کرمنلز بھی جرائم کی دنیا سے باہر نکلنا چاہتے ہوں ان کی حوصلہ افزائی اور سپورٹ کی جائیگی، جرائم چھوڑ کر پرامن زندگی گزارنے کی خواہش رکھنے والوں کو کورٹ آف لا میں پیش کیا جائے گا، قانون کا ساتھ دینے اور جرائم کی دنیا چھوڑنے والوں کی فیملیز کی دیکھ بھال اور ان کی مالی معاونت کی جائے گی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے جمعرات کے روز ڈی آئی جی سکھر آفس میں پولیس افسران کے ساتھ اجلاس میں ضیاالحسن لنجار نے سکھر اور اس کے تمام اضلاع سمیت کچے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ سندھ نے پریا کماری کیس کی تفصیلات کا بھی جائزہ لیا اور مزید احکامات دیے۔ انہوں نے ایک بار پھر پولیس افسران کو شہید صحافی جان محمد مہر قتل کیس میں ملوث نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کیا جانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایس ایس پیز کو شام یا رات گئے ہائی ویز پر پکٹنگ اور موجودگی کا پابند بنایا جائے، ہائی ویز پر مامور افسران اور جوانوں سے ملاقات کریں ان کی حوصلہ افزائی کریں اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزاریں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ شخص کو مقدمات میں نامزد ہر گز نہ کیا جائے، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ فریادی کسی بے گناہ کو کیس میں ملوث کرنا چاہتا ہے تو اس حوالے سے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں۔ وزیر داخلہ سندھ کے ہمراہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن،ڈی آئی جی سکھر اور متعلقہ ایس ایس پیز بھی تھے۔