لاہور اور سندھ ہائیکورٹ میں پیکا ایکٹ کیخلاف درخواستیں دائر

27

کراچی/ لاہور (اسٹاف رپورٹر+ نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو کالعدم قرار دینے کی ایک اور درخواست سماعت کیلیے منظور کرلی اور وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔ سندھ ہائی کورٹ میں بھی پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف سینئر صحافی انیس منصوری،غلام سرور و دیگر کی جانب سے درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست
میں کہاگیاہے کہ عدالت پیکا ایکٹ میں ترمیم کو غیر آئینی قرار دے تاکہ صحافی بغیر کسی خوف کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں درخواست فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے راجا ریاض کے توسط سے دائر کی۔ درخواست میں الیکشن کمیشن اور پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق پیکا ترمیمی ایکٹ میں نئی سزائوں کے اضافے سے ملک میں رہ جانے والی تھوڑی سی آزادی بھی ختم ہوجائے گی، پیکا بل متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور صحافتی تنظیموں کی مشاورت کے بغیر لایا گیا، پیکا ترمیمی ایکٹ کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا جائے، عدالت پیکا ایکٹ کے تحت ہونے والی کارروائیوں کو درخواست کے حتمی فیصلے سے مشروط کرے۔