جدہ میں میڈ ان پاکستان 2025ء نمائش کا آغاز

100

جدہ (سید مسرت خلیل) سعودی عرب کے ساحلی شہرجدہ میںپہلی ایک ملکی نمائش ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ تھیم کا شاندارافتتاح سفیرپاکستان احمد فاروق نے بدھ کی شام کو جدہ انٹرنیشنل ایگزی بیشن اینڈ کنونشن سینٹرمیںکیا۔معززمہمانوں کاخیرمقدم کرتے ہوئے سفیرپاکستان احمد فاروق نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے
میڈ ان پاکستان نمائش کے لیے سعودی قیادت کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔3 روزہ نمائش کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہاکہ یہ تقریب پاکستان کی مشرق وسطیٰ کے ساتھ دوبارہ جڑنے کی حکمت عملی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ پالیسی اقتصادی سفارت کاری کے لیے ایک پل کا کام کرتی ہے۔پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت نے تصدیق کی کہ “میڈ اِن پاکستان” نمائش میں کھیلوں کے سامان، ہلکی انجینئرنگ کے سامان، ٹیکسٹائل، خوراک، تعمیراتی مواد اور سروس سیکٹر جیسے شعبوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ مختلف صنعتوں کی مصنوعات کی ایک وسیع رینج کو اکٹھا کیا گیا۔ ہماری اعلیٰ معیار کی ٹیکسٹائل مصنوعات سے لے کرخوشبودار باسمتی چاول تک، عالمی معیار کے کھیلوں کے سامان سے لے کر ہمارے جدید جراحی کے آلات تک، پاکستانی مصنوعات مہارت، ورثے اور عمدگی کے جذبے کی علامت ہیں۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات اگرچہ گہرے اور مضبوط ہیں اور اس میں ترقی اور پائیداری کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں جن سے باہمی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ پاکستان 240 ملین لوگوں کی منڈی ہے جس میں وافر وسائل اور منفرد جغرافیائی محل وقوع ہے۔ وہ سرمایہ کاری اور تجارت کے وسیع مواقع پیش کرتے ہیں۔حال ہی میںحکومتی اقدامات کے ایک حصے کے طور پر2.8 بلین ڈالر مالیت کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے مفاہمت کی 34 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں اور توانائی، کان کنی، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبوں میں مزید تجارتی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔سعودی عرب پاکستان کی افرادی قوت کے لیے روزگار کی سب سے بڑی منڈی ہے اور آنے والے بین الاقوامی ایونٹس جیسے کہ ورلڈ ایکسپو اور فیفا ورلڈ کپ انسانی وسائل کی ترقی میں ہماری شراکت کے لیے زبردست مواقع پیش کرتے ہیں۔اس میگا ایونٹ میں پاکستان سے 137 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں اور کمپنیوں کے درمیان بڑے پیمانے پر بات چیت سے بڑے کاروبار کو متحرک کرنے کا امکان ہے۔اس تقریب میں موجود اعلیٰ سعودی حکام میں سعودی عرب کے معاون وزیر سرمایہ کاری جناب ابراہیم المبارک اور سعودی چیمبرز کی کونسل کے چیئرمین جناب حسن مجیب الحوازی بھی شامل تھے۔ تقریب میںپاکستانی اور سعودی تاجر، کاروباری برادری کے ارکان ، پاکستانی اور سعودی سفارتی رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ تقریب مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان اہم کاروباری تعلقات کی مضبوطی کی راہ ہموار کرے گی۔
جدہ نمائش