لاہور : اینٹی کرپشن عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس میں بری کر دیا۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار اقبال ڈوگر نے 3 فروری کو محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستیں منظور کر لیں۔
عدالت نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کو بڑی توجہ سے سنا ہے، ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کی جاتیں ہیں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بری کر دیا۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر قومی خزانے سے ذاتی شوگر ملز کے لیے نالا بنوانے کا الزام تھا، نیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف 11 جولائی 2017 کو رمضان شوگر ملز ریفرنس میں تحقیقات شروع کی تھی، نیب قانون میں ترمیم کے بعد یہ ریفرنس اینٹی کرپشن کورٹ میں منتقل ہوا تھا۔
نیب نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو گرفتار کیا تھا جبکہ حمزہ شہباز کو 11 جون 2019 کو گرفتار کیا تھا۔
یاد رہے کہ عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کا فیصلہ 3 فروری کو محفوظ کرتے ہوئے 6 فروری کو سنانے کا اعلان کیا تھا۔