پاکستان کا خلائی تحقیق میں بڑا قدم:چینی مشن کے ساتھ تاریخی معاہدہ

358

اسلام آباد:پاکستان نے خلا کی تسخیر میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (CNSA) کے ساتھ ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

یہ معاہدہ 5 فروری 2025 کو صدر مملکت آصف زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ کی موجودگی میں طے پایا، جس کے تحت پاکستان کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ قمری روور چین کے چینگ ای-8 مشن میں شامل کیا جائے گا۔

یہ مشن 2028 میں چاند کی جانب روانہ ہوگا اور اس کا مقصد سائنسی تحقیق، چاند کی سطح کی نقشہ سازی اور وہاں موجود وسائل کی جانچ کرنا ہے۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کی خلائی تحقیق میں ایک بڑا قدم ہے اور انٹرنیشنل قمری ریسرچ اسٹیشن (ILRS) کے منصوبے میں پاکستان کی شراکت کو مزید مستحکم کرے گا۔ اس پیشرفت سے پاکستان کے خلائی پروگرام کو عالمی سطح پر نئی پہچان اور مواقع ملنے کی توقع ہے۔