خیبرپختونخوا:  کرک میں پولیس چوکی پر حملہ، 3 اہلکار شہید، 6 زخمی

97
South Waziristan: Attack on check post

  پشاور:خیبر پختونخوا ( کے پی کے )  کے ضلع کرک میں شرپسندوں نے ایک پولیس چوکی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پولیس حکام کے مطابق یہ حملہ تھانہ خرم تحصیل بانڈہ داد شاہ کی چوکی پر ہوا، جہاں مسلح افراد نے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران حملہ آور فرار ہوگئے، ڈی پی او کرک نے بتایا کہ حملے میں شہید ہونے والوں میں ڈرائیور نقیب اور عدنان شامل ہیں۔

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک اور پولیس اہلکار تیمور حیات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، اور انہیں پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، عینی شاہدین نے بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ دیر تک جاری رہا، آئی جی پختونخوا ذوالفقار حمید نے موقع پر پہنچ کر تفصیلات معلوم کیں اور مزید احکامات جاری کیے۔