اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین عالمی مسئلہ ہے، جس کے خلاف جنگ اکیلے نہیں لڑی جا سکتی۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے، اس کے باوجود ملک کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا ہے۔
انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس قدرتی آفت نے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب کر دیا تھا، 3 کروڑ 30 لاکھ افراد بے گھر ہوئے، 1700 جانیں ضائع ہوئیں اور ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔
وفاقی وزیر نے اسموگ کو بھی ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خراب فضائی معیار کی وجہ سے عوام کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔