کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں یوم یکجہتی کشمیر کا انعقاد کیا گیا جس میں منتخب بلدیاتی نمائندے، کے ایم سی کے افسران و ملازمین اور شہریوں نے شرکت کی، ریلی کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آج پورے پاکستان میں کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے، شرکاء سے خطاب کے موقع پر میونسپل کمشنر افضل زیدی، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ 5 فروری بھارتی ظلم و استبداد اور ہٹ دھرمی کے خلاف کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کی حمایت کرنے کا دن ہے، کشمیری عوام اس جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں ہر پاکستانی ان کے ساتھ پورے عزم او ر ولولے کے ساتھ کھڑا ہے، انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے کر کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم اور ناانصافی کی طرف مبذول کرانا ہے، پاکستانی عوام کشمیر یوں کی آزادی اور خودمختاری تک اپنے عزم اور ارادے کا اظہار کرتے رہیں گے۔