فیصل آباد(جسارت نیوز) پریم یونین کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن پر ریلی ،ریلی کی قیادت پریم یونین کے چیف آرگنائزرخالد محمود چودھری،زونل صدر ظہیرالدین بابر، زونل سیکرٹری کاظم فاروق گل، بائوطاہر،ملک منظور اور دیگر نے کی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد محمود چودھری نے کہا ساری پاکستانی قوم اپنے ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔آج کے تاریخی دن اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی بلکہ مستقبل میں مزید تیز بھی ہوگی۔انہوں نے ریاست پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے روڈمیپ کا اعلان کیا جائے۔مسئلہ کشمیر کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ ریاست جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرے اور ساتھ بھر پور سفارتی مہم بھی شروع کرے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی قوم غیور،بہادر کشمیریوں کے جزبہ حب الوطنی اور شہدائے کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اور اقوام عالم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔پاکستانی قوم کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔