لاہور (وقائع نگارخصوصی )5 فروری یوم یکجہتی کشمیر لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال،ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ،حافظ آباد،وزیر آباد،ننکانہ، شیخوپورہ سمیت پورے پنجاب میں بھر پور طریقے سے منایا گیا۔لوگوں کی بڑی تعداد نے ان مظاہروں میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز، پینا فلیکس،کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں بھارت کے مظالم اور انسانیت سوز سلوک کے خلاف نعرے درج تھے۔ بچوں، بوڑھوں اور خواتین کا جوش قابل دید تھا۔شرکا نے اپنے نہتے اور مظلوم کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا،ان مظاہروں میں جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں مال روڑ پر عظیم الشان مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کی۔ مسجد شہدا کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں مرد و خواتین بچے بوڑھے شریک ہوئے۔ اس موقع پر امیر حلقہ ضیا الدین انصاری، محمد عثمان افضل،حسان بن سلمان،سید علی ارتضیٰ حسنی،محمد خبیب نذیر،محمد اظہر بلال و دیگر بھی موجود تھے۔گوجرانوالہ میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی قیادت میں شیراں والا باغ سے پرانے ریلولے اسٹیشن تک عظیم الشان مارچ منعقد ہوا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ مظہر اقبال رندھاوا، علی رضا حسنی، حافظ نعیم فہیم و دیگر بھی موجود تھے۔ اوکاڑہ میں ٹینک چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چودھری رضوان احمد اور رحمت اللہ وٹو نے کی۔ ساہیوال میں صدر چوک میں عظیم الشان مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت شیخ عثمان فاروق نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان نے کی اس موقع پر میاں رفیق رشید و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔فیصل آباد میں بیرون چنیوٹ بازار سے چوک کچہری روڑ تک تاریخی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت قیم جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور ا میر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد سٹی ڈسٹرکٹ محبو ب الزماں بٹ نے کی۔ نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر سعید احمدنے جڑانوالہ میں کشمیر کانفرنس کی صدارت کی۔سیالکوٹ میں چوک علامہ اقبال صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر امیر ضلع سیالکوٹ چودھری امیتاز بریار و دیگر بھی موجود تھے۔ضلع قصور میں مرد و خواتین کی بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت نائب قیم جماعت اظہر اقبال حسن نے کی اس موقع پر سردار نور محمد ڈوگر امیر ضلع و دیگر بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اس سے دستبر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آج کا دن مظلوم کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔ 5فروری کا دن سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمدؒ کی کاوشوں کا نیتجہ ہے۔یوم یکجہتی کشمیر پر آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے کشمیریوں کے غیرمتزلزل حمایت ک کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ حق خود ارادیت کیلئے یکجہتی اور عالمی برداری کی توجہ بھارتی مظالم کی جانب متوجہ کروانا اورآنے والی نسلوں پر بھارت کا مکروہ کرداراور چہرہ بے نقاب کرنا ہے۔ بھارت 5 اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے باوجود جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ حکومت پاکستان بھارت کے مظالم اور گھناونے کردار کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ مودی حکومت کی دہشت گردی امریکہ، کینیڈا سمیت پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ عالمی برادری اس کا نوٹس لے کر بھارت پر پابندیاں عائد کرے۔