
کراچی/دادو/حیدرآباد/سکھر/جیکب آباد/ بدین(اسٹاف رپورٹر+ نمائندگان جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 5 فروری کو کراچی تاکشمور یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا۔صوبائی اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے کراچی تاکشمور سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں دادو، میرپورخاص،حیدرآباد، سکھر،لاڑکانہ،جیکب آباد،نواب شاہ، ٹنڈومحمد خان، بدین، سانگھڑ، مٹیاری،ٹھٹھہ،کشمور اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں، سیمینار،مذاکرے اور جلسہ عام منعقد کیے گئے۔
جن سے جماعت اسلامی کے علاوہ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنمائوں اورانسانی حقوق کی تنظیموں وسول سوسسائٹی کے نمائندوں نے اپنے خطابات میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر،بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور2009دن سے کرفیو لگاکردنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل اورجنت نظیروادی کوجہنم بناکررکھ دیا ہے۔مقررین نے زوردیا کہ اقوام متحدہ کی منظورکردہ قرراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے اورکشمیر پرقابض بھارتی فوج کے مظالم سے نجات دلائی جائے۔مقررین نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیری عوام پرظلم ودرندگی کی انتہا کردی ہے۔عالمی ضمیر کو کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لینا چاہیے۔ جماعت اسلامی کے سینئر رہنما و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے صوبائی دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے اس لیے تو قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ اس لیے کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کو ہرحوالے سے ان مظلوموں کی مدد کرنی چاہیے۔امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے دادوپریس کلب پریوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے حکمران سال ہا سال سے بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں اور بھارت مستقل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے، بھارتی قیادت کے رویے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس سے بات کرنا بھینس کے آگے بین بجانے سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ مودی نے بابری مسجد کو رام مندر اور کشمیر کو بھارت کاحصہ بنانے کے 2 وعدے پورے کردیے اور اب وہ آزاد کشمیر پر حملہ کرنے کی باتیں کر رہاہے جبکہ ہمارے حکمرانوں نے قوم سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا۔مودی حکومت نے 65ماہ قبل کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کردیا اور اسی دن سے کشمیر میں مکمل لاک ڈائون ہے۔اب تک لاکھوں کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے کی پاداش میں شہید کردیا گیا ہے۔مائوں، بہنوں بیٹیوں کی بے حرمتی کی گئی ہے۔ان 65ماہ میں 25ہزارسے زاید کشمیری نوجوانوں کو کشمیر میں قائم فوجی ٹارچر سیلوں سے بھارت کی جیلوں میں منتقل کیا جاچکا ہے اور کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کے لیے لاکھوں ہندوئوںکو جن میں اکثریت شیوسینا،آرایس ایس اوربی جے پی کے مسلم دشمنی میں اندھے بدمعاشوں اور غنڈوں کی ہے ،آباد کیا جارہا ہے،کشمیری پاکستان کی محبت اور آزادی کے لیے اپنی جانیں اور عصمتیں قربان کر رہے ہیں۔کشمیر کی آزادی کے لیے مودی سے مذاکرات کی بھیک مانگنے کے بجائے غیرت اور جرأت مند قیادت کی ضرورت ہے مگر پاکستان پر مسلط رہنے والے حکمرانوں کی صفوں میں کوئی محمود غزنوی، سلطان ٹیپو اور محمد بن قاسم نظر نہیں آیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر عبدالرحمن منگریو، موسیٰ ببر ودیگر بھی موجود تھے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں میر پور خاص میں صوبائی جنرل سیکرٹری محمد یوسف کی قیادت میں یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 76سال سے جنوبی ایشیاکے امن کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔پورا خطہ بارود کے ایک ڈھیر پر ہے،ذراسی چنگاری اس کو ایک لمحے میں جلا کرراکھ کرسکتی ہے ، اہل کشمیر76 سال سے پاکستان کی تکمیل، سا لمیت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں مگرہمارے حکمران ہر دوچار سال بعد ایک پالیسی بیان دے کر اسے بھلا بیٹھتے ہیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا کی قیادت میں نادرا چوک تا پریس کلب یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی ،ریلی سے صوبائی شوریٰ کے رکن افضل عطا کلوڑ،دلیجان مزاری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔مٹیاری میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیر ریلی نکالی گئی جس سے صوبائی نائب امیر محمد افضال آرائیں ، امیر ضلع فقیر محمد لاکھو ودیگر قائدین نے خطاب کیا۔خیرپورمیں جماعت اسلامی کے تحت صوبائی رہنما علامہ حزب اللہ جکھرو کی قیادت میںریلی نکالی گئی جس سے ضلعی امیر امتیازحسین سہتو اورمقامی امیر ڈاکٹر جاوید احمد نے بھی خطاب کیا۔ نوشہرو فیروزمیںجماعت اسلامی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حمیدیہ مسجد سے پریس کلب تک صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ حزب اللہ جکھرو کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ،ریلی میں جماعت اسلامی ضلع نوشہروفیروز کے امیر ایڈووکیٹ نعیم احمد کمبوہ، نائب امیر ایڈوکیٹ محمد شبیر خانزادہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ لاڑکا نہ میں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری امداداللہ بجارانی کی قیادت میں مقامی دفتر تا پریس کلب یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس سے ضلعی امیر نادر علی کھوسہ ایڈووکیٹ ، ضلعی نائب امیر محمدعاشق داھامرا،مقامی امیر رمیزراجا شیخ نے بھی خطاب کیا۔ٹنڈوآدم میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کی جانب سے ٹنڈوآدم ، شہداد پور ، سانگھڑ ، کھڈرو ، شاہ پور چاکر ، احمد لاکھو، جان محمد کلوئی سمیت دیگر علاقوں پریس کلبوں اور عوامی مقامات پر کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے مظاہرے کئے گئے۔ جن سے صوبائی نائب امیر افضال احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری آفتاب احمد ملک،ضلعی امیر رفیق احمد منصوری ودیگر نے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی بدین کے تحت اللہ والا چوک سے بدین پریس کلب ایوان صحافت تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس سے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالقدوس احمدانی ،ضلعی امیر سیدعلی مردان شاہ جنرل سیکرٹری عبدالکریم بلیدی سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے تحت سکھر میں یکجہتی کشمیر ریلی سے ضلعی امیر زبیرحفیظ شیخ، ایڈووکیٹ سلطان لاشاری و دیگر رہنمائوںنے خطاب کیا۔قنبرمیں جماعت اسلامی کی جانب سے ضلعی امیر مقامی دفتر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس سے ضلعی امیر منصور ابڑو ودیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی کے تحت گھنٹہ گھر تا الخدمت آفس تک ضلعی امیر غلام مصطفی میرانی کی قیادت میں موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی جبکہ جیکب آباد میں ضلعی امیر ابوبکر سومرو، ہدایت اللہ رند،شکارپور میں صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن،عبدالسمیع شمس بھٹی کی قیادت میں جندو ڈیرو بائی پاس تا پریس کلب مدیجی ریلی نکالی گئی۔ٹنڈومحمد خان میں صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری الطاف احمد ملاح، ضلعی امیر حافظ لعل محمد سولنگی، پیر مسلم جان سرہندی،جامشورو میں ضلعی امیر مولانا محمد عمرکی قیادت میں یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔دریں اثنا گھوٹکی، ٹھٹھہ، مٹھی، عمرکوٹ، کنری، سامارو، ٹنڈوالہیارسمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں جن سے مقامی رہنمائوں نے خطاب کیا۔