اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے جلسے اور لانگ مارچ کے اعلان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ملک دشمنی قرار دیا ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو لاہور میں جلسے کی اجازت مانگی ہے، جبکہ اسی دن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلا میچ شیڈول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح پی ٹی آئی کی جانب سے 19 فروری کو لانگ مارچ کی کال دی گئی ہے، جبکہ یہ وہ دن ہے جب پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ کھیلا جانا ہے۔
وزیر دفاع نے ان اعلانات کو پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کے میچز چھیننے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں تنہا اور شرمندہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف اپنے سیاسی مفادات کے لیے اس حد تک گر سکتے ہیں، جس کا شاید ان کے حمایتیوں کو بھی اندازہ نہیں تھا۔