اسلام آباد : پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جائے گا، کشمیر ڈے پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے جلوس اور ریلیاں نکال کر بھارتی مظالم کی مذمت کی جائے گی۔
ملک بھر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گی جبکہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی ، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے نیا نغمہ بھی جاری کیاگیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر پر 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، کابینہ ڈویژن سیکریٹریٹ سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے اور ملک بھر میں تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 5 فروری کو 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی جائے گی۔