فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اورآگاہی کیلئے جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنوں نے چنیوٹ بازارچوک میں ضلعی صدرنعمان احسن ملک کی قیادت میں کیمپ لگایا جس میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے بھی شرکت کی۔کشمیری اور پاکستانی پرچم لہراتے نوجوانوں نے شہریوں کو 5 فروری کو ہونے والے مارچ میںشرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے محبوب الزماں بٹ کہاکہ بھارت اپنی 8 لاکھ فوج کے ذریعے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کاجذبہ حریت دبا نہیں سکا۔ امریکا کوپاکستان میں تو دہشتگردی نظر آتی ہے لیکن کشمیر میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام نظر نہیں آتا، امریکا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کابھی نوٹس لے۔اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ، کشمیریوں کے قتل عام اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور کشمیریوں کو اقوا م متحدہ کی قرار دادوں کی منظوری کے بعد بھی ان کو حق خود ارادیت کے حق سے محروم رکھ کر یہ عالمی ادارے و عالمی طاقتیں برابر کی مجر م ہیں۔ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آج ہونے مارچ میں شرکت کرکے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کااظہارکریں۔مارچ میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔