۔78 سال سے کشمیری اپنے حق خودرادیت سے محروم ہیں،جاوداں فہیم

50

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے 5فروری بھارتی جبر و تسلط کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ 78سال سے کشمیری اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں اور کشمیریوں نے ایک دن کے لیے بھی بھارت کا قبضہ اور غلامی قبول نہیں کی اور مسلسل بھارت کی غلامی سے آزادی کی جدو جہد میں مصروف ہیں، ہزاروں شہدا کے خون سے اس جدو جہد آزادی کو جاری رکھا ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین
خلاف ورزیاں کر رہا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے، نوجوانوں کو شہید اور اسیر کیا جاتا ہے لیکن کشمیر کے عوام کا آج بھی ایک ہی نعرہ ہے کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘، کشمیری عوام اپنے شہدا کے جنازے پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ بھارت خود 1948ء میں کشمیر کے حوالے سے اقوام ِ متحدہ میں گیا تھا اور اقوام ِ متحدہ کے مطابق جسے بھارت نے بھی تسلیم کیا تھا کہ اہل کشمیر کو ان کی آزاد مرضی اور رائے شماری کا حق دیا جائے گا لیکن افسوس کہ بھارت نے فوجی طاقت اور قوت کے بل پر مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم کیا ہے، 1990ء میں تحریکِ آزاد کشمیر نے ایک نیا رخ اختیار کیا۔ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے آخری 12سال اسیری میں گزارے، برہان مظفر وانی کی شہادت سے بھی آزادی کی جدو جہد کو نیا عزم اور حوصلہ ملا، 5اگست 2019ء کو بھارت نے اپنے آئین کی دفعہ 370/35-Aکے برعکس کشمیر کی مخصوص حیثیت کو ختم کر دیا، بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے آزادی کشمیر کی جدو جہد میں جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا یہ ہی وجہ ہے کہ بھارت کشمیر پر اپنا تسلط قائم رکھے ہوئے ہے۔ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے حلقہ خواتین کی کراچی شوریٰ کے اجلاس میں ناظمات اضلاع کے حلف کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین وہ واحد جماعت ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کے فعال کردار کی حامی ہے ہم دعوت وتحریک کے ذریعے کثیر تعداد میں خواتین کو ظلم و ناانصافی کے خلاف منظم کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اخلاق و عمل سے دلوں میں جگہ بنائیے جبر کے اس دور میں ہر فرد پریشان ہے ،مسائل کے گرداب سے نکلنے کا واحد راستہ دیانت دار قیادت اور عدل و انصاف کے نظام کا قیام ہے۔آج اشرافیہ وسائل پر قابض اور عوام بے روزگاری مہنگائی ناجائز بھاری بلوں اور چوری ڈکیتی مافیاز کے ہاتھوں پس رہے ہیں۔اس موقع پر ندیمہ تسنیم نے بھی نائب ناظمہ کراچی کا حلف اٹھایا۔اس موقع پر ناظمہ کراچی جاوداں فہیم نے ناظمات اضلاع کو ضلع میں بھرپور کام اور وارڈز کی سطح تک تنظیم کو منظم کرنے کے لیے بریفنگ دی اور کہا کہ توانا جذبوں اور اللہ کی مدد کے ساتھ اقامت دین کا کام کیجیے خدمت دعوت اور بہترین معاملات کے ذریعے خواتین میں پذیرائی حاصل کیجیے اور ہر طبقہ فکر کو اپنے ساتھ ملائیے۔