کراچی (کامرس رپورٹر ) زیرگردش کرنسی کے حجم میں ہفتہ وار بنیادو ں پر کمی جبکہ زر وسیع اور بینکوں کے ڈیپازٹس میں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کیمطابق 24 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں زیر گردش کرنسی کا حجم 9300 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.8فیصد کم ہے۔پیوستہ ہفتے میں زیر گردش کرنسی کا حجم 9376 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔ جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک زیر گردش کرنسی کے حجم میں مجموعی طورپر 1.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 24 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں زر وسیع (ایم ٹو) کا حجم 35025 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.3 فیصد زیادہ ہے ، پیوستہ ہفتے میں ایم ٹو کاحجم 34908 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔ جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک ایم ٹو میں مجموعی طورپر 4.2 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق 24 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں بینکوں کے مجموعی ڈیپازٹس کا حجم 25676 ار ب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.8 فیصد زیادہ ہے۔