اور تم میں سے جو اللہ اور اْس کے رسولؐ کی اطاعت کرے گی اور نیک عمل کرے گی اس کو ہم دوہرا اجر دیں گے اور ہم نے اس کے لیے رزق کریم مہیا کر رکھا ہے۔ نبیؐ کی بیویو، تم عام عورتوں کی طرح نہیں ہو اگر تم اللہ سے ڈرنے والی ہو تو دبی زبان سے بات نہ کیا کرو کہ دل کی خرابی کا مْبتلا کوئی شخص لالچ میں پڑ جائے، بلکہ صاف سیدھی بات کرو۔ اپنے گھروں میں ٹِک کر رہو اور سابق دور جاہلیت کی سی سج دھج نہ دکھاتی پھرو نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو اور اللہ اور اْس کے رسولؐ کی اطاعت کرو اللہ تو یہ چاہتا ہے کہ اہلِ بیتِ نبیؐ سے گندگی کو دور کرے اور تمہیں پوری طرح پاک کر دے۔ (سورۃ الاحزاب:31تا33)
ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی۔مجھ سے ایک بہت بڑا گناہ سرزد ہو گیا ہے، کیا میری توبہ قبول ہو سکتی ہے؟ فرمایا: کیا تمہاری ماں زندہ ہے؟، اس نے عرض کیا نہیں ! فرمایا: کیا تمہاری خالہ ہے؟ عرض کیا: جی ہاں !ارشاد فرمایا:’’تو جاؤ اور انکی خدمت کرو‘‘۔(جامع ترمذی)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تہجد ضرور پڑھا کرو، یہ تم سے پہلے کے نیک لوگوں کا طریقہ رہاہے، اس سے تمہیں اپنے ربّ کا قرب حاصل ہو گا، گناہ معاف ہونگے اور گناہوں سے بچتے بھی رہو گے۔(مستدرک حاکم)