کراچی(اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین ڈاکٹر سید شرف علی شاہ کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ حصہ اول کامرس ریگولر، آرٹس ریگولر اور خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 28ہزار 251 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 27ہزار 457 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں 8494 امیدوار تمام 7 پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔ آرٹس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 10 ہزار 500 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل جبکہ 9ہزار 792 امیدواروں نے شرکت کی ان میں سے 2818 امیدوار تمام 6 پرچوں میں کامیاب ہوئے۔ خصوصی امیدواروں کے امتحانات میں 109امیدواروں نے شرکت کی اور 85 امیدوار تمام 6 پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔