اسلام آباد : ن لیگ کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ اپوزیشن کے لوگوں کو غدار نہیں کہتا لیکن ہمارے نادان دوست دانستہ یا نادانستہ پاکستان مخالف ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں۔ کشمیر پاکستانیوں کے دل کے قریب ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر بھر پور جوش اور جذبے سے منایا جائے گا ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کشمیر پاکستانیوں کے دل کے قریب ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن پاکستان کی جانب سے سفارتی محاذ پر کشمیریوں کی حمایت کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے۔ جب تک کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہیں دیا جاتا اس وقت تک پاکستان نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا زیادتیوں پر ہم بین الاقوامی برادری کی آواز کے منتظر ہیں ، 5 اگست کو کشمیریوں کے حقوق پامال کیے گئے۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم 5 اگست کے بعد خوف اور افراتفری اور ان کشمیریوں کے حقوق پامال کیے جانے کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔