کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ قاسم رئیسانی پر جیل جاتے ہوئے فائرنگ کی گئی، جس کےنتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سول لائن پولیس تھانہ نعمت اللہ ترین نے بتایا کہ جیل روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود محمد قاسم نامی موقع پر جاں بحق ہوگئے، جن کی لاش کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سول لائن کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے محمد قاسم رئیسانی ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں بطور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ تعینات تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی، جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔