اسلام آباد: یوم کشمیر کی چھٹی کے موقع پر پاسپورٹ دفاتر شہریوں کی خدمات کے لیے کھلے رہیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس نے شہریوں کو24 گھنٹے پاسپورٹ سروسز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت شہری کل عام تعطیل کے روز بھی پاسپورٹ بنوا سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں پاسپورٹ دفاتر کی خدمات دستیاب ہوں گی، عوامی مرکز آفس کراچی میں بھی شہری پاسپورٹ بنوانے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے، عام تعطیل کے باوجود محکمہ پاسپورٹس عوامی سہولت کے لیے دن رات کوشاں ہے تاکہ شہری تینوں بڑے شہروں میں پاسپورٹ بنوانے کی سہولت حاصل کر سکیں۔