پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا( کے پی کے) علی امین گنڈاپور نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر صوبے میں لائف انشورنس منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ دنیا ویلنٹائن ڈے مختلف انداز میں مناتی ہے، لیکن ہم اسے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے ایک منفرد طریقے سے منائیں گے، انشورنس اسکیم کے تحت 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو 5 لاکھ روپے اور اس سے کم عمر کے افراد کو بھی 5 لاکھ روپے کی انشورنس فراہم کی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے صحت کے شعبے میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 67 فیصد مریضوں کا علاج سرکاری اسپتالوں میں ہوا جو کہ صحت کے نظام میں بہتری کی علامت ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ نگراں حکومت کے دوران ادویات کی خریداری کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، جنہیں کم کرکے 5 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ بند صحت کارڈ کو دوبارہ فعال کر کے 20 ارب روپے کے بقایاجات ادا کیے گئے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کاکہنا تھا کہ صوبے کے ریونیو میں 49 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس سے بہتر گورننس کی عکاسی ہوتی ہے، صوبے کے لیے 150 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کیا گیا ہے، جو شفاف حکمرانی کی مثال ہے۔