امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اپنے معاشی اور اسٹریٹجک مفادات کو تحفظ یقینی بنانے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ آج ہم نے چین، کینیڈا اور میکسیکو کے خلاف ٹیرف نافذ کیا ہے۔ وہ دن زیادہ دور نہیں جب ہم اپنے مفادات کو بچانے کے لیے ایسے ہی اقدامات یورپی یونین کے خلاف بھی کرسکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے معاملے میں تھوڑی سی نرمی برتنے کا عندیہ دیا ہے۔ دوسری طرف میکسیکو اور کینیڈا نے لیوی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اِسی کے ساتھ ساتھ انہوں نے مل کر کام کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
میکسیکو اور کینیڈا کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت دیکھ کر صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ ٹیرف میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یورپی یونین اور برطانیہ کو بھی خبردار کیا ہے کہ امریکا ایسی کوئی بھی صورتِ حال برداشت نہیں کرسکتا جس سے اُس کے مفادات پر زد پڑتی ہو۔ انہوں نے امریکیوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ امریکی حکومت جو عالمی تجارتی جنگ چھیڑ رہی ہے اُس کے حوالے سے اُنہیں بھی تھوڑا بہت تو برداشت کرنا پڑے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے تجارت میں بھی امریکا کو غیر معمولی خسارے کا سامنا ہے۔ معاملات کی درستی کے لیے لازم ہے کہ یورپی یونین کے ارکان امریکا سے کاری اور دوسرا بہت سا سامان بڑے پیمانے پر خریدیں۔ جب تک تجارتی توازن بحال نہ ہوگا تب تک امریکا یورپی یونین پر ٹیرف عائد کرنے پر مجبور ہوگا۔ یورپی یونین کو بھی ٹیرف کے لیے تیار رہنا چاہیے۔