ریاض : سعودی ایوان شاہی کے مشیر اور سعودی علماء بورڈ کے رکن شیخ عبد اللہ بن سلیمان المنیع نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا آغاز یکم مارچ 2025 بروز ہفتہ کو متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق شیخ عبد اللہ بن سلیمان المنیع نے کہا کہ رواں سال سال رمضان 29 دن کا ہوگا اور 29 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ عید الفطر 30 مارچ 2025 کو منائی جائے گی، رمضان کے آغاز کا حتمی اعلان سعودی سپریم کورٹ کرے گی۔
شیخ عبد اللہ بن سلیمان نے کہاکہ جمعہ 29 رجب کو رات 3 بج کر 44 منٹ پر رمضان کے چاند کی پیدائش ہوگی اور غروب آفتاب کے بعد یہ چاند تقریباً 32 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جس سے اس کا نظارہ ممکن ہوگا۔
خیال رہےکہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز ممکنہ طور پر 2 مارچ 2025 بروز اتوار کو ہوگا، متحدہ عرب امارات کی فلکیات سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان کی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ( یو اے ای )میں رمضان کا آغاز یکم مارچ 2025 کو متوقع ہے اور اس پیش گوئی کی بنیاد پر پاکستان میں رمضان کا آغاز 2 مارچ 2025 کو ہوسکتا ہے۔
واضح رہےکہ پاکستان میں رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند نظر آنے کی شہادتوں کے بعد کرے گی، رویت ہلال کمیٹی کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق، 29 جمادی الثانی بروز بدھ یکم جنوری 2025 کی شام کو رجب المرجب کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، جس سے یکم رجب المرجب جمعرات 2 جنوری 2025 کو ہوگی۔