صوابی : تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رہنما اسدقیصر کاکہنا ہے کہ حکومت نے متنازع پیکا ایکٹ کے ذریعے آزادی اظہار پر پابندی لگائی ہے، متنازع پیکا ایکٹ کو واپس لیا جائے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ 8 فروری کو صوابی میں ہونے والا جلسہ پاکستان کی سیاست کا رخ بدلے گا،8فروری کو عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا،عوام نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا لیکن 17سیٹوں والے شہبازشریف کو وزیراعظم بناکر ملک کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں ترمیم کے بعد انہوں نے عدالتی نظام کو ختم کردیا ہے اور محکوم بھی بنادیا ہے،جب بھی ہماری حکومت آئے گی تو 26ویں ترمیم کو ختم کریں گے اور عدالتوں کو ظالموں کے شکنجے سے آزاد کرائیں گے۔
اسد قیصر کاکہنا تھا کہ فارم 47 پر بننے والی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کا تحفہ دیا ہے، حکومت دعوؤں کے برعکس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، غریب انسان مہنگائی کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔