لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے، صوبوں سے ان کا حق چھینا جا رہا ہے، عام آدمی کے لیے در در کے دھکے ہیں، حکمران اشرافیہ نے عدالتوں کو مفلوج ، ججوں جو تقسیم، پارلیمانی نظام کو برباد کر کے رکھ دیا ہے اور حکمران طبقہ اب عدلیہ کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی نوجوان نسل تحریک اسلامی سے وابستہ ہو کر ملک پر مسلط، جاگیر داروں، سرمایہ داروں، اقتدار کے حوس پرستوں کو مسترد کر کے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا دست بازو بنیں، انشاء اللہ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اور جامع مسجد منصورہ میں جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا
کہ اسلامی جمعیت طلبہ اور جمعیت طلبہ عربیہ نے اپنی قیادت کے انتخاب سے نئی نسل کو اسلامی جمہوری پیغام دیا ہے۔ دینی و عصری علوم کی یہ طلبہ تنظیمیں پاکستان کی نظریاتی طاقت ہے، جس نے پورے ملک کے طلبہ کو منظم کیا اور دینی مدارس میں فرقہ پر ستی کے خاتمے اور اتحاد امت کی قوت ہے، لیاقت بلوچ نے کہا کہ الحادیت، مادہ پرستی، مادر پدر آزدی، اخلاقی و تہذیب کو تباہ کرنے کے مقابلے میں دینی و عصری علوم کے طلبہ نے علم، دلیل، حسن اخلاق سے اپنے فریضے کو ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ نظام انسانوں کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، یہی طبقہ اب قانون سازی اور طاقت کے استعمال سے ذرائع ابلاغ کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطا الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی ؒ عالم ربانی تھے، ان کی قائم کردہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ اپنے علم کو اختلاف امت نہیں اتحاد امت کے داعی بننے کا ذریعہ بنائیں اس سے ملک میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار ہو گی۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان میں ظلم و جبر کے نظام کے خلاف جدو جہد کر رہی ہے اور بلوچستان میں سرداری نظام فوجی آپریشن کے خلاف اور لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے اسمبلی کے اندر بھی آواز بلند کر رہی ہے۔ بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے عملی جدو جہد کر رہی ہے۔