ویلفیئربورڈ کے مزدوروں کو چیک جاری کیے جائے‘خالد خان

69

نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے کہاکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی بند اسکیموں کی فوری طورپر ادائیگی کی جائے سب کو علم ہے کہ یہ ادارہ مزدوروں کی ویلفیئر کے لیے بنایاگیاہے ۔بیوائیں ڈیتھ گرانٹ کے لیے رورہی ہیں۔یتیم بچے کھانے اورلباس سے محروم ہیں۔ جہیز گرانٹ جاری نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں بچیاں شادی کے انتظارمیں بیٹھی ہوئی ہیں۔ تعلیمی وظائف نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے ہونہاربچے تعلیم سے محروم کردیے گئے ہیں۔ چھوٹے بچوںکواسکول یونیفارم کتابیں،کاپیاں،شوز،بیگ کی مد میں جو رقم ملنی تھی وہ وقت پر مہیانہیں کیے جارہے ہیں۔ اسی ادارے کا ایک بڑاکارنامہ یہ بھی ہے کہ مزدوروں کے لیے بنائے گئے فلیٹوںپرقبضہ کروا دیا گیااوریہ رشوت خورافسران ابھی تک قبضہ نہیں چھڑ واسکے۔ سائیکل اور سلائی مشین کی اسکیموں کوختم کر دیا گیا ہے اور2012 کے بعد سے کراچی میں کوئی نئی ہائوسنگ اسکیم لانچ نہیں کی گئی۔ نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری امیرروان نے کہاکہ ویلفیئربورڈ ایک کرپٹ ادارہ ہے۔ اس محکمہ کے افسران مزدوروں کے پیسوں پر عیاشیاں کرتے ہیں۔ گورننگ باڈی کے ممبران ویلفیئربورڈ کے اس عمل میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ ممبران ویلفیئربورڈ کے افسران کی ظلم وزیادتیوں پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں تمام فیڈریشنوں اور مزدور رہنمائوں کو ویلفیئربورڈکے راشی افسران کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بناناہوگا۔