فنکشنل لیگ نے سندھ حکومت کا زراعت پر ٹیکس کا فیصلہ مسترد کردیا

68

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے سندھ حکومت کی جانب سے سندھ میں آئی ایم ایف کی ایما پر زراعت اور مویشیوں پر ٹیکس نافذ کرنے کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں زراعت کا شعبہ پہلے ہی تباہ حال ہے، زرعی پانی کی کمی، جعلی زرعی ادویات، مہنگائی اور دیگر مسائل کے باعث سندھ کا کسان اور کاشتکار 2 وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے ، کاشتکاروں کے بچوں کیلیے معیاری تعلیم سمیت حکومت کی جانب سے انہیں کوئی بھی سہولیات دستیاب نہیں ہیں اس کے باوجود بھاری اور غیر منصفانہ ٹیکس لگا کر سندھ حکومت کاشتکاروں اور چھوٹے زمینداروں کو زندہ درگور کرنے پر تلی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی فارم 47 کے تحت بننے والی جعلی حکومت اپنے جعلی اقتدار کو بچانے کیلیے سندھ کے عوام سے ظلم و زیادتیاں کر رہی ہے جسے سندھ کے عوام کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔