حیسکو حکام ریکوری میں ناکام ، لوڈشیڈنگ طویل کردی

55

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سب ڈویژن حیسکو ریکوری کرنے میں ناکام ، پنجرا پول کے مختلف علاقوں میں مہینے کے آخری دنوں میں کئی روز تک بجلی بند کردینا معمول بنالیا ،بجلی نہ ہونے پر صارفین کو پریشانی کا سامنا ،کنڈا عناصر کے گھر روشن اور بل ادا کرنے والوں کے گھروں میں تاریکی کا راج ہے۔ادبی سماجی ،ثقافتی تنظیم قلمکار اکیڈمی کے رہنما ،افسانہ نگار پروفیسر خلیل جبار نے اپنے بیان میں کہا کہ پھلیلی سب ڈویژن حیسکوکو ریکوری کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،اس لیے حیسکو نے کئی ماہ سے یہ سلسلہ شروع کردیا ہے کہ مہینے کے آخر میں ٹرانسفارمر سے لنک ہٹا کر پنجرا پول کے مختلف علاقوں کی بجلی بند کردی جاتی ہے ،جس سے علاقوں میں تاریکی کا راج ہوجاتا ہے جبکہ کنڈا عناصر نے دور ،دور سے تاریں کھینچ کر اپنے گھروں کو روشن رکھا ہوا اورجو باقاعدگی سے بل ادا کررہے ہیں وہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے حیسکو چیف سے اپیل کی کہ فوری طور پھلیلی سب ڈویژن حیسکو کے اس اقدام کا نوٹس لیں اور سب ڈویژن پھلیلی کو ہدایت کی جائے کہ وہ اس غیر قانونی اقدام سے باز رہے اور جو لوگ بل ادا نہیں کررہے ہیںیا کنڈے سے بجلی استعمال کررہے ہیں ان کے خلاف سخت اقدامات کرے۔