چمپئنزٹرافی سے قبل فوٹو شوٹ اور کیپٹنز میٹ نا ہونے پر بھارتی میڈیا خوش

80

بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان میں چمپئینز ٹرافی سے قبل ہونیوالی افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ کے ختم ہونے پر خوشی کے شادیانے بجانے لگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کو 19 فروری سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے، ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارتی ٹیم اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی، ایک سیمی فائنل بھی وہیں پر ہی ہوگا، اگر بلو شرٹس فائنل میں پہنچے تو معرکہ دبئی میں ہوگا۔بھارت نے پہلے ہٹ دھرمی سے اپنے میچز دبئی منتقل کروائے اور اب وہ پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی کے افتتاح اور کپتانوں کی ٹرافی شوٹ و پریس کانفرنس بھی ختم کروادی۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئینز ٹرافی کیلئے مبینہ طور پر ٹیم کی جرسی پر ‘پاکستان’ (میزبان ملک کا نام) چھاپنے پر اعتراض اٹھایا تھا جس کے بعد کیپٹنز میٹ اور افتتاحی تقریب میں روہت شرما کی پاکستان آمد کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیکر دباؤ ڈالا گیا کہ سیکیورٹی مسائل کے باعث بھارتی کپتان پاکستان نہیں جائیں گے۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موقف اپنایا ہے کہ آئی سی سی کیساتھ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیموں کے ہمراہ کوئی تقریب کا پلان بنایا ہی نہیں گیا تھا۔گزشتہ برس امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ٹی20 ورلڈکپ سے قبل بھی کپتانوں کا کوئی فوٹو شوٹ نہیں ہوا تھا لہذا اب ایسا نہ ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ البتہ ہم ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب سجائیں گے، جہاں کراچی اور لاہور کے دونوں اسٹیڈیمز کا بھی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح ہوگا۔