کرا چی (کامرس رپورٹر)لپٹن ٹیز اینڈ انفیوژنز پاکستان (Lipton Teas & Infusions Pakistan) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر، فرحین سلمان عامر نے انٹرنیشنل ویمن لیڈرز سمٹ 2025 میں ایک انتہائی پراثر اور فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے خواتین کو معاشرتی اقدار کو چیلنج کرنے، بے جا حدود کو مسترد کرنے اور قیادت میں اپنی جگہ بنانے پر زور دیا۔اپنے پیشہ ورانہ سفر کو بیان کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو قیادت کرنے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں، بلکہ انہیں اپنی موجودہ صلاحیتوں کو پہچاننے اور ان پر بھروسہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے انہوں نے معاشرتی توقعات کے برعکس ایک ورکنگ مدر اور بزنس لیڈر کی حیثیت سے خود کو منوایا، اور کس طرح اپنے کیریئر میں درپیش تعصبات کا خاتمہ کیا جائے ۔استنبول منتقل ہونے کے بعد کی اپنی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے، فرحین نے بتایا کہ کیسے انہوں نے اپنے خاندان کی فلاح و بہبود کو یقینی بناتے ہوئے ایک ہائی پروفائل کارپوریٹ کردار کا توازن برقرار رکھا، اس حقیقت کومدنظر رکھتے ہوئے کہ خواتین کو اپنے عزائم اور خاندانی زندگی میں سے کسی ایک کا انتخاب نہیں کرنا پڑتا، بلکہ وہ خود اپنا راستہ اور توازن قائم کرسکتی ہیں۔انہوں نے پاکستان میں مردوں کے زیرِ اثر چائے کی انڈسٹری میں اپنی قیادت کے بارے میں بھی بات کی، جہاں وہ اب بھی اعلیٰ سطحی بورڈ رومز میں واحد خاتون ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیادت دی نہیں جاتی، بلکہ اسے خود حاصل کرنا پڑتا ہے۔