رانا ثناء اللّٰہ نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت پر ڈیڈ لائن دیدی

194
Government sincerely wants success

وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ  تحریکِ انصاف آج رات 12 بجے تک آ جائیں یا جب بعد میں بھی آ جائیں ہم ان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوست آج رات کا جب بھی ان کا دل کرے ہمارے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، آج رات 12 بجے تک آ جائیں، وزیرِ اعظم نے مذاکرات کی آفر کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف ہمیں اپنی بات پر قائل کر لیتی ہے تو ان کی بات بھی مانی جا سکتی ہے ، پی ٹی آئی کے انتظار کی بات نہیں، ڈائیلاگ کرنا بنیادی شرط ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی والے 4 سال کی حکومت میں مقدمات بناتے تھے، ملک کی بہتری کے لیے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، جب ہم اپوزیشن میں تھے تب شہباز شریف نے عمران خان کو کہا تھا کہ بیٹھیں بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کی معیشت اور امن و امان کا بھٹہ بٹھا دیا ہے، اگر 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات کی فیکٹ فائنڈنگ چاہتے ہیں تو پارلیمانی کمیشن تشکیل ہونے دیا جائے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ 2018ء کے بعد ہمیں گِلہ تھا کہ رزلٹ الٹ دیا گیا، جب ہم پرویز خٹک سے کمیٹی کا اجلاس بلانے کا کہتے تھے تو جواب ملتا تھا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اجازت نہیں ہے۔