چند فیکٹریز کچرا کھلی جگہ پھینکنے میں ملوث ہے، طارق علی

9

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی نے کہا کہ جو فیکٹریز ایس ایس ڈبلیو ایم کے پورٹل پر رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ کچرا کھلی جگہ پر پھینک رہے ہیں،جس سے صفائی کا کام متاثر ہونے کے علاوہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مضر صحت ماحول کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے اجلاس میں کیا۔ اس موقع پرسالڈ ویسٹ کے متعلقہ افسران، کاٹی کے صدرجنید نقی،سابق صدر سلیم الزمان، ڈپٹی پیٹرن ان چیف محمد زبیرچھایاکے علاوہ دیگر ممبران موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بلوں کی فراہمی کے لئے فیکٹریوں کی درجہ بندی انکے سائز، عملے اور کچرے کی مقدار کے مطابق واضح کیا جائے گی۔ اس مسئلے کے حل اورممبران کی سہولت کے لئے ہم نے ویب سائٹ پورٹل بھی متعارف کرائی ہے۔اس کے باوجود کمپنیز رجسٹرڈ ہونے کی طرف راغب نہیں اور نہ ہی بلوں کی ادائیگی باقاعدگی سے کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ضلع شرقی کے نئے ٹینڈر میں دو، ڈسٹ بن کا کلچر متعارف کرانے پر غور کررہے ہیں جس کے لئے بڑے پیمانے پر آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہوگی۔