اسلام آباد: سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) ف مولانا فضل الرحمن کاکہنا ہےکہ پیکا ایکٹ پر ہم سے غلط بیانی کی گئی، ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ صحافی تنظیموں کی تجاویز لینے کے بعد بل منظور کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں سربراہ جے یو آئی نے صدر مملکت آصف زداری سے پیکا ایکٹ کی توثیق پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سطح پر بیٹھ کرفیصلے اس طرح نہیں کیے جاتے کہ بولو کچھ اور کرو کچھ۔
انہوں نے مزید کہاکہ صحافی تنظیموں کو اعتماد میں لیے بغیر بل پر دستخط کرنا بددیانتی ہے، ہمیں کہا گیا تھا کہ صحافیوں اور حکومتی وزرا کی تجاویز کے بعد بل پر دستخط کیے جائیں گے، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اور خاموشی سے دستخط کردیے گئے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف زرداری نے پیکا ایکٹ کا بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد تمام مخالفتوں کے باوجود دستخط کردیے ہیں ، جس کے بعد پیکا ایکٹ قانون بن چکا ہے۔