ریٹائرڈ ‘فوت ملازمین کے بقایاجات اداکردیے‘ چیئرمین لانڈھی ٹائون

75

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے کہا ہے کہ لانڈھی ٹاؤن میں ریٹائرڈ اور فوت ہونے والے ملازمین کے بقایا جات 2018-2017 ء سے اب تک ادا نہیں کیے گئے تھے جب جماعت اسلامی کے چیئرمین آئے تو ہم نے تہیہ کیا کہ ان تمام ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں گے۔ سندھ حکومت کی جانب سے ہمارے ساتھ اس معاملے میں کوئی تعاون نہیں اور اپنے سورسز اور ذرائع کی آمدن سے ان ادائیگیوں کو یقینی بنا رہے ہیں اور اس ہی سال میں تمام ملازمین کو مکمل ادائیگی کردیں گے. اب تک 3 کروڑ 26 لاکھ روپے کی رقم کے چیک ایل پی آر کی مد میں دے چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے لانڈھی ٹاؤن میں ریٹائر و فوت ہونے والے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں چیک تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وائس چیئرمین محمد عمران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے. عبد الجمیل نے مزید کہا کہ ہم لانڈھی ٹاؤن میں عوامی مسائل سے لے کر ملازمین کے تمام مسائل کے حل کی پوری کوشش کر رہے ہیں صوبائی اور شہری حکومت کی جانب سے کوئی سہولت اور تعاون حاصل نہیں سالوں سے لوگوں کے واجبات جن لوگوں نے بھی روک کر رکھے تھے ان ملازمین کے ساتھ ظلم کیا ہے لیکن ہمیں ان لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے اور ان کے تمام واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔